پنجاب کے دیسی کیلنڈر کے بارے میں اہم معلومات
برِصغیر پاک و ہند کو یہ اعزاز حاصل ہےکہ اس خطے کا دیسی کیلنڈر دنیا کے چند قدیم ترین کیلنڈرز میں سے ایک ہے۔ بکرمی کیلنڈر کا آغاز 100 قبل مسیح میں اُس وقت کے ہندوستان کے ایک بادشاہ "راجہ بِکرَم اجیت” کے دور میں ہوا۔اور اسی وجہ سےیہ کیلنڈر بکرمی مشہور ہوا۔اس کے علاوہ یہ کیلنڈر پنجابی کیلنڈر،دیسی کیلنڈر،اور جنتری کے ناموں سے بھی جانا جاتا ہے۔
بکرمی کیلنڈر بھی دراصل شمسی تقویم یا سال ہے جو ’چیت‘ کے مہینے سے شروع ہوتا ہے۔تین سو پینسٹھ (365) دنوں کے اس کیلنڈر کے 9 مہینے تیس (30) تیس دنوں کے ہوتے ہیں، ایک مہینہ وساکھ اکتیس (31) دن کا ہوتا ہے، اور دو مہینے جیٹھ اور ہاڑ بتیس (32) بتیس دن کے ہوتے ہیں۔
بکرمی سال کے بارہ مہینوں کے نام اس طرح ہیں:
- چیت/چیتر (بہار کا موسم)
- بیساکھ/ویساکھ (گرم سرد، ملا جلا)
- جیٹھ (گرم اور لُو چلنے کا مہینہ)
- ہاڑ/اساڑھ (گرم مرطوب، مون سون کا آغاز)
- ساون/ساؤن (حبس زدہ، گرم، مکمل مون سون)
- بھادوں/بھادروں (معتدل، ہلکی مون سون بارشیں)
- اسُو/اسوج (معتدل)
- کاتک/کَتا (ہلکی سردی)
- مگھر (سرد)
- پوہ (سخت سردی)
- ماگھ/مانہہ (سخت سردی، دھند)
- پھاگن/پھگن (کم سردی، سرد خشک ہوائیں، بہار کی آمد)
بکرمی کیلنڈر انگریزی سال کے کن مہینوں میں کس طرح شروع ہوتا ہے، اس کا اندازہ درج ذیل ترتیب سے لگایا جاسکتا ہے اور اسے یاد رکھنا بھی آسان ہے کیونکہ ان دنوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی:
14 جنوری۔۔۔ یکم ماگھ
13 فروری۔۔۔ یکم پھاگن
14 مارچ۔۔۔ یکم چیت
14 اپریل۔۔۔ یکم بیساکھ
14 مئی۔۔۔ یکم جیٹھ
15 جون۔۔۔ یکم ھاڑ
17 جولائی۔۔۔ یکم ساون
16 اگست۔۔۔ یکم بھادروں
16 ستمبر۔۔۔ یکم اسوج
17 اکتوبر۔۔۔ یکم کاتک
16 نومبر۔۔۔ یکم مگھر
16 دسمبر۔۔۔ یکم پوہ
بکرمی کیلنڈر (پنجابی دیسی کیلنڈر) میں ایک دن کے آٹھ پہر ہوتے ہیں، ایک پہر جدید گھڑی کے مطابق تین گھنٹوں کا ہوتا ہے...
ان پہروں کے پنجابی نام یہ ہیں:
1۔ دَھمّی/نور پیر دا ویلا:
صبح 6 بجے سے 9 بجے تک کا وقت،
2۔ دوپہر/چھاہ ویلا:
صبح کے 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کا وقت،
3۔ پیشی ویلا:
دوپہر 12 سے سہ پہر 3 بجے تک کا وقت،
4۔ دیگر/ڈِیگر ویلا:
سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت،
5۔ نماشاں/شاماں ویلا:
شام 6 بجے سے لے کر رات 9 بجے تک کا وقت،
6۔ کفتاں ویلا:
رات 9۔بجے سے رات 12 بجے تک کا وقت،
7۔ اَدھ رات ویلا:
رات 12 بجے سے سحر کے 3 بجے تک کا وقت،
8۔ سرگی/اسور ویلا:
صبح کے 3 بجے سے صبح 6 بجے تک کا وقت،
*لفظ ’ویلا‘ وقت کے معنوں میں برصغیر کی کئی زبانوں میں بولا جاتا ہے۔