بہار سب کے لئے

سرمئی پہاڑوں پر
یہ ہرے بھرے جنگل
شاخ شاخ ہریالی
چومتے ہوئے پنچھی
چار سو فضاؤں میں
زندگی مہکتی ہے
پھول مسکراتے ہیں
رنگ و نور کی چادر
اوڑھ کر ہوا نکلی
آسمان روشن ہے
دور تک زمیں اپنی
بانہہ کھولے ماں جیسی
کھیلتے پرندوں کو
پیار سے بلاتی ہے
تتلیوں کے جھرمٹ سے
ایک ایک پگڈنڈی
بے نظیر لگتی ہے
جیسے کوئی ماں بیٹی
صاف ستھرے آنگن میں
چٹکیوں سے رنگوں کی
روشنی لٹاتی ہوں


سرمئی پہاڑوں کے
مشرقی کناروں پر
روشنی چمکتی ہے
زندگی دمکتی ہے
یہ بہار کا موسم
اس زمیں سے اگتا ہے
اس زمیں کا حصہ ہے
جس کسی کا جی چاہے
یہ بہار لے جائے
سرمئی پہاڑوں کے
جنگلوں کی شادابی
شاخ شاخ ہریالی
جس کسی کا جی چاہے
اپنی روح مہکائے