بچوں کی مسکان
کیسی سہانی کیسی رسیلی بچوں کی مسکان
ہنستے اور مسکاتے بچے بھارت دیس کی شان
کل یہ مہکتے پھول بنیں گے آج ہیں ننھی کلیاں
سایہ ان پر کئے ہوئے ہیں آشاؤں کی پریاں
زہریلے کانٹوں سے نہ الجھیں یہ ننھی سی جان
کیسی سہانی کیسی رسیلی بچوں کی مسکان
ہنستے اور مسکاتے بچے بھارت دیس کی شان
ننھی منی کومل کلیاں کہیں نہ مرجھا جائیں
خوشبو مہکے کیاری کیاری مہکیں اور مہکائیں
گلشن کے سب رکھوالوں پر فرض ہے ان کا دھیان
کیسی سہانی کیسی رسیلی بچوں کی مسکان
ہنستے اور مسکاتے بچے بھارت دیس کی شان
جیون میں اجیالا ان سے یہ دھرتی کے تارے
گورے ہیں یا کالے ہیں یہ بچے پیارے پیارے
ماؤں کی ممتا سے پوچھو سب ہیں ایک سمان
کیسی سہانی کیسی رسیلی بچوں کی مسکان
ہنستے اور مسکاتے بچے بھارت دیس کی شان
بستی بستی نگر نگر یہ امرت جل برساؤ
جیون جوت جلاؤ ہر سو علم کا دیپ جلاؤ
جب ہوں بڑے یہ آج کے بچے نکلیں سب ودوان
کیسی سہانی کیسی رسیلی بچوں کی مسکان
ہنستے اور مسکاتے بچے بھارت دیس کی شان
صحت کی سندرتا پائیں سب کو رنگ و روپ ملے
تازہ ہوا بھرپور غذا ہو ان کو سنہری دھوپ ملے
پھولے پھلے پروان چڑھے یہ بھارت کی سنتان
کیسی سہانی کیسی رسیلی بچوں کی مسکان
ہنستے اور مسکاتے بچے بھارت دیس کی شان
امن کی ٹھنڈی چھاؤں میں کھیلیں ان کو سب کا پیار ملے
دکھ نہ انہیں پہنچائے کوئی ان کو سکھی سنسار ملے
دیس کی ساری مائیں دل میں رکھتی ہیں ارمان
کیسی سہانی کیسی رسیلی بچوں کی مسکان
ہنستے اور مسکاتے بچے بھارت دیس کی شان