بچوں کا میلہ

ہمیں بھی لے چلو بچوں کا میلہ ہم بھی دیکھیں گے
چلو امی چلو چل کر تماشا ہم بھی بھی دیکھیں گے

ذرا ان چھوٹے قدموں سے یہ اٹھتی تان تو دیکھو
بڑے بانکے سپاہی ہیں نرالی شان تو دیکھو

ذرا یہ جشن آزادیٔ ہندوستان تو دیکھو
بڑا دل کش ہے پی ٹی کا نظارا ہم بھی دیکھیں گے

ہمیں بھی لے چلو بچوں کا میلہ ہم بھی دیکھیں گے
دکاں یہ ٹافی بسکٹ کی ہے اے منے ادھر آؤ

کھلونے کیسے پیارے ہیں خریدو گھر کو لے جاؤ
یہ کیسی چٹپٹی ہے چاٹ آپا جان کھا جاؤ

یہ بچے بیچتے ہیں کیسا سودا ہم بھی دیکھیں گے
ہمیں بھی لے چلو بچوں کا میلہ ہم بھی دیکھیں گے

ادھر ہے پارک بچوں کا چلو آؤ ذرا گھومیں
ذرا چکر کا جھولا جھول کر ہاتھی پہ جا بیٹھیں

ذرا تقدیر اپنی آزمائیں لاٹری کھولیں
یہ ہنستی کھیلتی بچوں کی دنیا ہم بھی دیکھیں گے

ہمیں بھی لے چلو بچوں کا میلہ ہم بھی دیکھیں گے
کبڈی ہے نہ کنچے ہیں نہ گلی ہے نہ ڈنڈا ہے

نہ یہ آوارہ گردی ہے لڑائی ہے نہ دنگا ہے
نہیں بیکار مجمع یہ تو ایک تعلیمی میلہ ہے

ہمیں روکیں گے کیسے آج ابا ہم بھی دیکھیں گے
ہمیں بھی لے چلو بچوں کا میلہ ہم بھی دیکھیں گے