بادل کا کھیل

استاد
وہ بادل کا اک پارہ ہے
کیا پیارا ہے
تم دیکھتے ہو
شاگرد
بے شک بے شک
ہم دیکھتے ہیں
یہ بادل کا اک پارہ ہے
سر جی سر جی
ہم دیکھتے ہیں
یہ بادل کتنا پیارا ہے
استاد
تم اس کو نظر جما دیکھو
تعمیر دکھائی دیتی ہے
دیکھو دیکھو
اک اونٹ دکھائی دیتا ہے
گڑ گیہوں کے بھاری بورے
اف کتنا بوجھ اٹھائے ہوئے
لمبی گردن لہرائے ہوئے
شاگرد
جی دیکھ لیا
سر جی سر جی
یہ اونٹ ہے بوجھ اٹھائے ہوئے
بے شک بے شک
یہ اونٹ ہے بوجھ اٹھائے ہوئے
کچھ چارہ دانہ کھائے ہوئے
استاد
لو اونٹ سے اک گیدڑ نکلا
بھورا بھورا
گیدڑ پورا
نٹ کھٹ نٹ کھٹ
دوڑے سرپٹ
کیوں دیکھ لیا
شاگرد
جی دیکھ لیا
سر دیکھ لیا
دم بھی دیکھی
بے شک بے شک
نٹ کھٹ نٹ کھٹ
استاد
گیدڑ بھی کہاں
یہ گھوڑا ہے
دیکھو تو کیسے دوڑا ہے
دم چھوٹی گردن موٹی ہے
شاگرد
بے شک بے شک
یہ گھوڑا ہے
بالکل بالکل
یہ گھوڑا ہے یہ گھوڑا ہے