آسٹریلیا بمقابلہ بنگلہ دیش اور سری لنکا بمقابلہ ویسٹ انڈیز کا احوال

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ گروپ 1 میں اگر مگر کا کھیل شروع۔

 

آسٹریلیا نے دی بنگلہ دیش کو بڑی شکست ، نیٹ رن ریٹ بھی افریقہ سے بہتر کر لیا۔

گروپ 1 کے دوسرے میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔

سُپر 12 گروپ 1 میں کل کھیلے گئے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں کی بڑی شکست سے دوچار کیا۔

آسٹریلیا بمقابلہ بنگلہ دیش۔

آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے میچ میں یقیناً آسٹریلیا فیورٹ تھی لیکن میچ اتنا یکطرفہ ہوگا یہ سوچا نہیں تھا۔

ٹاس جیت کر آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کو تاش کے پتوں کی طرح بکھیر کے رکھ دیا پوری بنگلہ دیشی ٹیم 15 ویں اوور میں 73 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

محمد نعیم 17، محمداللہ 16 اور شمیم حسین نے بنائے 19 رنز باقی کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔

اس تباہی کی شروعات کی مچل سٹارک اور ہیزل ووڈ نے اور اسے انجام تک پہنچایا ایڈم زامپا نے۔

مچل سٹارک نے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 2 کھلاڑی آؤٹ کئے، ھیزل ووڈ نے 2 اوورز میں 8 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں اور ایڈم زامپا نے کیرئیر بیسٹ باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر 5 کھلاڑی آؤٹ کئے۔

73 رنز کے حصول کے لئے ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے دھواں دار آغاز کیا اور 6.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ حدف پورا کرلیا۔

ایرون فنچ نے 20 بالز پر 40 رنز کی طوفانی باری کھیلی جس میں 4 چھکے بھی شامل تھے، وارنر نے بنائے 18 رنز 14 بالوں پر، اور مچل مارش نے ناٹ آؤٹ بنائے 16 رنز صرف 5 گیندوں پر۔

ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے۔

گروپ 1 کے دوسرے میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 20 رنز سے شکست دے دی۔

وہ کہتے ہیں نا ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے بس یہی کچھ کیا ہے آج سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کے ساتھ۔

سری لنکا خود تو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چّکی تھی لیکن جاتے جاتے اپنے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کی اُمیدوں پر بھی پانی پھیر گئی۔

سری لنکا نے سُپر 12 گروپ 1 کے اپنے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو 20 رنز سے شکست دے دی اور اس طرح ویسٹ انڈیز بھی گروپ 1 کی سیمی فائنلز کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں لگاتار تیسرے میچ میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے 180 پلس سکور بنایا اور جیت بھی حاصل کی۔

پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے، انڈیا نے افغانستان کو 66 رنز سے اور رات کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 20 رنز سے ہرا دیا۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیتا اور پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا سری لنکن اوپنرز پریرا اور نشانکا نے 42 رنز کا تیز اور اچھا سٹارٹ دیا سری لنکا کو، پریرا 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو پھر ان فارم چیریتھ اسالانکا کا ساتھ میسر آیا نشانکا کو اور پھر 91 رنز کی شاندار پارٹنرشپ لگی، 133 کے سکور پر نشانکا 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سری لنکن کپتان ڈوسن شناکا نے چیریتھ اسالانکا کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھایا 19 ویں اوور میں اسالانکا 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے سکور بورڈ پر 179 کا ہندسہ جگمگا رہا تھا۔

کپتان شناکا 25 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور سری لنکا نے بنائے 189 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر۔

جوابی بیٹنگ میں ویسٹ انڈیز کا آغاز نہایت مایوس کن تھا پاور پلے میں 47 رنز پر 3 وکٹیں گِر چُکی تھیں، کرس گیل 1 رنز بناکر، ایوین لوئیس 8 پر اور روسٹن چیس 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ چُکے تھے۔

نکولس پوران اور ہٹ مائیر کے علاؤہ کوئی بھی ویسٹ انڈین بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوا۔

پوران نے بنائے 46 رنز 34 بالز پر اور شیمرون ہٹ مائیر نے دھواں دار 81 رنز بنائے 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے لیکن ویسٹ انڈیز کی نیا کو پار نہیں لگا سکے اور 20 اوورز میں ویسٹ انڈیز 169 رنز تک ہی پہنچ سکا۔

سری لنکا کی طرف سے ھسا رنگا، فرنانڈو اور کرونا رتنے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

گروپ 1 پوائینٹس ٹیبل کی گھمبیر ہوتی صورتحال۔

گروپ 1 سے بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہیں اور انگلینڈ، آسٹریلیا اور ساؤتھ افریقہ اس دوڑ میں اب بھی شامل ہیں۔

گروپ 1 کے پوائینٹس ٹیبل پر انگلینڈ اپنے چاروں میچ جیت کر 8 پوائینٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے لیکن ابھی بھی سیمی فائنل میں انگلینڈ نہیں پہنچی۔

کیونکہ آسٹریلیا 4 میچز کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ساؤتھ افریقہ بھی 4 میچز کے بعد 6 پوائینٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں اس گروپ میں۔

آسٹریلیا نے اگرچہ بنگلہ دیش کے خلاف بڑی جیت درج کی ہے اور پوائینٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر قبضہ کر لیا ہے بہتر رن ریٹ کی وجہ سے لیکن ابھی اس گروپ میں ساؤتھ افریقہ سیمی فائنل میں کوالیفائی کر سکتی ہے انگلینڈ کو آخری میچ میں بڑے مارجن سے ہرا کر۔

آسٹریلیا نے اپنا آخری میچ کھیلنا ہے ویسٹ انڈیز کے ساتھ اور ساؤتھ افریقہ نے اپنے آخری میچ میں فیورٹ انگلینڈ سے مقابلہ کرنا ہے اگر یہ دونوں ٹیمیں اپنے اپنے میچ جیت لیتی ہیں تو پوائینٹس ٹیبل پر تینوں ٹیموں کے پوائینٹس آٹھ آٹھ برابر ہو جائیں گے اور نیٹ رن ریٹ سے فیصلہ ہوگا کہ کون سی ٹیم آگے جائے گی. (زیادہ چانسسز پھر انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بنتے ہیں سیمی فائنل کے لئے)

اگر آسٹریلیا ویسٹ انڈیز سے ہار جائے اور افریقہ انگلینڈ سے تو پھر انگلینڈ اور آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گی کیونکہ آسٹریلیا کا رن ریٹ ساؤتھ افریقہ سے بہتر ہے۔

اور اگر آسٹریلیا ہار جائے ویسٹ انڈیز سے اور ساؤتھ افریقہ انگلینڈ کو ہرا دے تو پھر انگلینڈ اور ساؤتھ افریقہ اگلے مرحلے میں پہنچ جائیں گی۔

آسٹریلیا کی ویسٹ انڈیز سے جیت اور ساؤتھ افریقہ کی انگلینڈ سے ہار پر انگلینڈ اور آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گی۔

اگر آسٹریلیا ویسٹ انڈیز کو ہرا دیتا ہے تو پھر ساؤتھ افریقہ کو انگلینڈ سے بڑی جیت ہی سیمی فائنل میں پہنچا سکتی ہے۔

گروپ 1 سے سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چُکی ہیں سری لنکا اور بنگلہ دیش اپنے پانچوں میچ کھیل چکی ہیں البتہ ویسٹ انڈیز نے اپنا آخری میچ آسٹریلیا سے کھیلنا ہے اور اس میچ سے ساؤتھ افریقہ کو بڑی اُمیدیں ہیں۔

پاکستان بھی گروپ 1 پر نظریں جمائے بیٹھا ہے کیونکہ سیمی فائنل میں پاکستان نے گروپ 1 کی پوائنٹس ٹیبل پر موجود دوسرے نمبر والی ٹیم سے کھیلنا ہے جو کہ ممکنہ طور پر آسٹریلیا یا ساؤتھ افریقہ ہو سکتی ہیں۔