عورتیں نہیں جانتیں

دل کی دیواروں سے
اداسی کو کھرچ کر
ایک نظم میں اکٹھا کرنا
عورتوں کا پسندیدہ کھیل نہیں


عورتوں کو وہ کھیل پسند نہیں
جن کے آخر میں تالیاں نہ بجائی جا سکیں


عورتوں کو پسند نہیں
لوگ جو اپنا دل
ٹکڑے کر کے پھینک رہے ہوتے ہیں
جو زندگی کی کتاب میں
حاشیوں پر درج ہوتے ہیں
اور فٹ نوٹ سے اوپر جھانکنے کی
کوشش کرتے رہتے ہیں
جو کسی کاغذ کے ٹکڑے پر
تحریر کر کے پھینک دیتے ہیں
میں تمہارے بغیر نہیں رہ سکتا


نہیں جانتی ہیں عورتیں
کوئی سادہ سی سطر
کاغذ پر کتنی درشتی سے لکھی جا سکتی ہے
آرام سے پڑھ جاتی ہیں وہ


نہیں جانتی ہیں عورتیں
کھردرے لفظوں سے کاٹی ہوئی زندگی
تیز آنچ پر رکھے ہوئے دل
آنکھوں میں
بہت گہرا دیکھتی ہوئی آنکھیں
اور ایک کھیل
دل کی دیواروں سے
اداسی کو کھرچ کر
ایک نظم میں اکٹھا کرنے کا