مبارک باد پاکستان: عارف انیس لندن کا سب سے بڑا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے مسلمان اور پاکستانی
معروف پاکستانی نژاد مصنف عارف انیس جو کہ عالمی شہرت یافتہ لیڈرشپ ایکسپرٹ اور کوچ ہیں اور وال سٹریٹ جرنل اور یو ایس اے ٹوڈے بیسٹ سیلر کتابوں کے مصنف ہیں۔ گزشتہ دنوں انہیں لندن سٹی کی چیمبر لین کورٹ میں لندن شہر کے سب سے بڑے اعزاز "فریڈم آف دی سٹی آف لندن" سے نوازا گیا۔ عارف انیس یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے مسلمان اور پاکستانی مصنف ہیں۔
عارف انیس کو یہ اعزاز کووڈ 19 کے دوران برطانیہ میں ان کی انسانی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ عارف انیس اور ان کے ساتھیوں سلیمان رضا، بلال بن ثاقب، مومن ثاقب نے "ون ملین میلز" مہم چلائی جس میں انگلینڈ، ویلز، سکاٹ لینڈ اور ناردن آئرلینڈ میں لاک ڈاؤن کے دوران برطانوی ہسپتالوں میں لاکھوں مفت کھانا فراہم کیا گیا۔ مشہور عالمی باکسر عامر خان نے بھی اس مہم کو سپورٹ کیا۔جبکہ وزیراعظم برطانیہ بورس جانسن نے گذشتہ برس مئی میں ان خدمات کے اعتراف میں "پوائنٹس آف لائٹ" اعزاز سے نوازا تھا۔
اس موقع پر انیس عارف کا کہنا تھا کہ میں دنیا بھر میں بحران میں قیادت سے متعلق گفتگو کرتا ہوں۔ بحران رہنماؤں اور قیادت کے منصب پر فائز افراد کے لیے نئے طرز عمل، حل اور رویوں کو فروغ دینے، اپنانے اور تیار کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
ون ملین میلز (مہم) کووڈ 19 کے وبائی بحران میں قائم کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کووڈ 19 ہمارے لیے ایک ڈروانے خواب سے کم نہ تھا۔ تاہم یہ وہ وقت تھا جب لوگوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما، سہارا دیا اور کندھے سے کندھا ملا کر اس وبا سے مقابلہ کرنے کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہوئے۔ مجھے خوشی ہے کہ "ون ملین میلز" ان کہانیوں میں سے ایک ہے اور ہم اپنے ہیروز ڈاکٹروں، نرسوں، پیرامیڈیکس، ایمبولینس ڈرائیوروں، رضا کار کارکنوں کا حوصلہ اور ہمت بڑھانے میں کامیاب رہے جو ان تکلیف دہ دنوں میں ہراول دستے کا کردار ادا کررہے تھے ۔
"یاد رہے کہ فریڈم آف دی سٹی آف لندن" کا اعزاز دنیا کا سب سے قدیم ترین اعزاز ہے جو کہ گذشتہ تقریباً 800 برس سے دیا جارہا ہے. یہ اعزاز پانے والوں میں پانے والے نامور افراد کی فہرست میں ملکہ الیزبتھ، شہزادی ڈیانا، ونسٹن چرچل، مارگریٹ تھیچر، جواہر لال نہرو، نیلسن منڈیلا، فرینکلن روز ویلٹ، آئیزن ہاور، جے کے رولنگ، مورگن فری مین، اسٹیفن ہاکنگ وغیرہ جیسے لوگ شامل ہیں۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والے لوگ تاحیات " فری مین" کہلاتے ہیں.
عارف انیس ایک قابل فخر پاکستانی ہیں۔ وہ دنیا بھر پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔ وہ عالمی سطح پر بڑے اعزاز حاصل کرنے والے واحد پاکستانی ہیں۔ 2019 میں انھیں "گلوبل مین آف دا ایئر" سے نوازا گیا۔ گلوبل مین آف دی ایئر کا ایوارڈ ہر سال ان شخصیات کو دیا جاتا ہے جو عالمی سطح پر امن عامہ، انسانی ترقی اور بہبود، تعلیم و تربیت کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کریں۔ 2020 میں "برین آف دا ایئر" کا اعزاز حاصل کرنے والے بھی پہلے پاکستانی ہیں۔ یہ اعزاز اسٹیفن پاکنگ کو نوازا جاچکا ہے۔ جبکہ 2022 میں "فریڈم سٹی آف لندن" کا اعزاز اپنے نام کرنے والے بھی پہلے پاکستانی بن چکے ہیں۔آپ بیسٹ سیلر کتابوں کے مصنف بھی ہیں جن میں "آئی ایم پاسیبل"،"میڈ اِن کرائسس" "گوروں کے دیس میں" اور"صبح بخیر زندگی" شامل ہیں۔