اپیل

امیدوار تھا واہیؔ بھی ممبری کے لئے
کہ شارٹ کٹ ہے یہی اک تونگری کے لئے
مگر بہ فیض حریفاں اسے ٹکٹ نہ ملا
پھنسا جو کہر سیاست میں شارٹ کٹ نہ ملا
اپیل بورڈ میں پہونچا تو یوں شکایت کی
حضور کی نہ گئی قدر میری خدمت کی
یہ خود ستائی نہیں بلکہ یہ حقیقت حال
کسی حریف سے کمتر نہیں مرے اعمال
وہ سارے گن جو ہیں معیار لیڈری کے لئے
وہ سارے وصف جو لازم ہیں رہبری کے لئے
ہیں اس غلام کی فطرت میں اس طرح موجود
کہ جیسے دودھ میں چینی ہو اور تار میں پود
عوام دشمنی پیشہ رہا ہے مدت سے
تمام عمر لڑا ہوں حق و صداقت سے
مری گرفت میں رہتے ہیں سادہ لوح عوام
میں ان کے نام کو کرتا ہوں رات دن نیلام
زبان تیز سے تقریر گرم کرتا ہوں
اور اس کی آنچ سے لوہے کو نرم کرتا ہوں
کبھی جو خدمت قومی کا پار لیتا ہوں
تو مفلسوں کی لنگوٹی اتار لیتا ہوں
مری سرشت میں داخل ہے چور بازاری
مری بہشت ہے بازار حرص و مکاری
خدا کے فضل سے راشن کا روزگار بھی ہے
بسیں بھی چلتی ہیں خادم کے پاس کار بھی ہے
منافع خور بھی ہوں اور سود خار بھی ہوں
خدا پرست بھی ہوں اور خدا کی مار بھی ہوں
میں چور بھی ہوں ڈکیتوں کا سرغنہ بھی ہوں
میں رہزنوں کا معلم بھی رہنما بھی ہوں
بڑی صفائی سے کر کے ذخیرہ اندوزی
اکال میں بھی مناتا ہوں جشن فیروزی
غرض کہ منبع اوصاف ہے یہ خادم قوم
خدا کے واسطے بھولیں نہ اس کو ناظم قوم