اب کسی تصویر کی رعنائیاں باتیں کریں
اب کسی تصویر کی رعنائیاں باتیں کریں
میں تو چپ ہوں اب مری تنہائیاں باتیں کریں
اتنی دیواروں میں اک دیوار ہی سمجھا مجھے
آ کے میرے سائے میں پرچھائیاں باتیں کریں
روکنا بھی ناروا ہے ٹوکنا بھی ناگوار
کان تب ہوتے ہیں جب رسوائیاں باتیں کریں
خود کلامی کا فسوں تنہائیوں کی گفتگو
اس سے تو بہتر ہے جب پرچھائیاں باتیں کریں
قافلے کی تو سماعت اور زباں تک لٹ گئی
ہندسوں کے دشت میں پروائیاں باتیں کریں
یہ در و دیوار یہ چھت جو کبھی گرتی نہیں
میرے اٹھنے تک یہی پہنائیاں باتیں کریں