عالمین

خواب ہے یا کوئی تصور ہے
یہ توازن یہ فکر کا میزان
اتنا گہرا خموش آوازہ
ہر تحرک بقدر اندازہ
بے حصاری کا یہ معدوم حصار
کائناتوں کا بے شمار شمار
قلزم بے کنار کا عالم
عالموں کے غبار کا عالم
کہکشاؤں کے ہار لا محدود
مہر بے اختیار لا محدود
بے حد و بے حساب سیارے
داغ بے داغ بے پنہ تارے
ایسا بے انت ہے خلا کیونکر
یہ خدا گر ہے یہ خدا ہے گر
اس حقیقت کی کیا حقیقت ہے
جز تصور کہاں یہ وسعت ہے