آج اور کل

بھوکی آنکھیں کل کو دیکھیں
جھوٹی آس لگائے
آنے والی کل کب آ کر آج کی بھوک مٹائے
آنے والی کل پہ بھروسہ
کب آئے کیا لائے
بیتی کل
بیتی کل کے دیپ کی لو کب آج کی جوت جگائے
مایا چھل کے
چھایا ڈھل کے
لوٹ کے پھر نہیں آئے


آج کی بھوک ہے آج کا رونا
آج کا راگ سہاگ
جھوٹ کپٹ سے
لاگ لپٹ سے
آج کے دیپ جلاؤ
آج کے منگل گاؤ
بیتی کل کے دیپ کی لو کب آج کی جوت جگائے
آنے والی کل پہ بھروسہ
کب آئے کیا لائے