آئینۂ خیال تھا عکس پذیر راز کا
آئینۂ خیال تھا عکس پذیر راز کا
طور شہید ہو گیا جلوۂ دل نواز کا
پایہ بہت کیا بلند اس نے حریم ناز کا
تا نا پہنچ سکے غبار رہ گزر نیاز کا
خستگیٔ کلیم نے نکتہ عجب سمجھا دیا
ورنہ حریف میں بھی تھا اس مژۂ دراز کا
دیر ملا تھا راہ میں کعبے کو ہم نکل گئے
جذبۂ شوق میں دماغ کس کو ہو امتیاز کا
بندگی اور صاحبی اصل میں دونوں ایک ہیں
جس کا غلام ایاز ہے وہ ہے غلام ایاز کا
گو تہی نصیب نے دور رکھا تو کیا ہوا
بندۂ خانہ زاد ہوں اس کے قد دراز کا
شوق ترا ہے موجزن ذوق ترا بہانہ جو
کھول نہ دیں بھرم کہیں پرد گیان راز کا
مستیٔ بے خودی سے یاں آنکھ کھلی نہ حشر تک
یعنی یہی جواب تھا نرگس نیم باز کا
آہ و فغاں کے ساتھ ساتھ چھا گئی ایک بے خودی
قطع زباں ضرور تھا شمع زباں دراز کا
خاک میں مل گئے ولے آنکھ اٹھی نہ شرم سے
ہم سے ہوا نہ حق ادا اس کی نگاہ ناز کا
مطرب خلد کیا سنائے وحشت خستہ کیا سنے
معتقد قدیم ہے زمزمہ حجاز کا