روشن دل والوں کے نام؛ افتخار عارف کا نابینا افراد کو خراج تحسین
15 اکتوبر کو نابینا افراد کے عالمی دن کے موقع پر افتخار عارف ظاہری بینائی سے معذور افراد کو خراج تحسین
روشن دل والوں کے نام
دل کی آنکھ سے خیر کے سارے روشن منظر دیکھنے والو!
حدِ نظر تک پھیلی ہُوئی سب روشنیوں ،سارے رنگوں کو
ہات سے چُھو کر دیکھنے والو!
بستی بستی ، گلشن گلشن ،ہنستی ہُوئی ساری ہریالی
سب شادابی ، دِل کے اندر دیکھنے والو!
دِل کے نُور خزانوں کا ایک ایک چراغ جلائے رکھنا
اِمکانوں کے ہر کُوچے میں ،اُمیدوں کی ہر منڈیر پر
مستقبل کے ہر رستے میں، خواب کی جَوت جگائے رکھنا
جگنو ، سُورج ، چاند ، ستارے
جب تک روشن ہیں یہ سارے
ہم آواز دیے جائیں گے
تم آواز ملائے رَکھنا