پاکستان کا سب سے بڑا سائنس میلہ : لاہور سائنس میلہ 2022 کب اور کہاں ہورہا ہے؟
بچوں اور بڑوں میں سائنس کی شمع روشن کرنے آرہا ہے۔۔۔ سائنس کا میلہ آگیا۔۔۔کیا واقعی میلے میں تو کھیل تماشا، موسیقی اور ڈھول کی تھاپ پر جھومتے لوگ نظر آتے ہیں۔۔۔کیا لاہور سائنس میلے میں بھی ایسا کچھ ہوگا؟ سائنس کو بھلا کھیل تماشا کیسے ہوسکتا ہے؟ سائنس تو بہت مشکل میدان ہے۔۔۔کیا واقعی؟ اگر آپ کو کہا جائے کہ سائنس نہ صرف آسان ہے بلکہ حیرت انگیز، دل چسپ اور آنکھوں کو بھا جانے والے چیز تو کیا آپ یقین کریں گے؟ اگر آپ کو ہماری بات پر یقین نہیں ہے تو ایک بار لاہور سائنس میلے کا ضرور وزٹ کیجیے گا۔۔۔۔مزا نہ آئے تو پیسے واپس۔۔۔ لیکن لاہور سائنس میلے ہوگا کیا کچھ یہ تو پتا چلے نا۔۔۔! پھر دیر کس بات کی ہے آئیے آپ کو تفصیل سے بتاتے ہیں۔
لیکن سب پہلے یہ بتائیے، "لاہور سائنس میلہ"، کیا واقعی میلے جیسا ہوگا؟
میلے کا نام سنتے ہی موسیقی اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے فن کار ذہن میں آتے ہیں اور کھیل کود اور تماشے کے لیے جھولے اور کرتب دکھاتے لوگ آنکھوں میں گھومنے لگتے ہیں۔ اگر آپ لاہور سائنس میلے کا نام سن کر بھی انھی مناظر کا خواب دیکھ رہے تو بالکل ٹھیک سمجھیں ہیں۔۔۔یعنی سائس کے کرتب، حیرت انگیز دنیا، عجیب و غریب نظارے اور بہت کچھ دیکھنے کو ملے گا لاہور سائنس میلے میں۔۔۔اگلے ہفتے لاہور میں سجنے جارہا ہے سائنس کا ایک شاندار جشن اور میلہ۔۔اگر آپ سائنس کا شوق نہیں بھی رکھتے تو آپ میں سائنس کی محبت اور شوق پیدا کرنے کا یہاں بہت سامان ہے۔ پھر نہ کہنا کہ خبر نہیں ہوئی !
"لاہور سائنس میلہ" خوارزمی سائنس سوسائٹی منعقد کروارہی ہے۔ اس تنظیم کا مرکزی ہدف پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں اور عام افراد میں سائنسی علوم اور ان کا شعور پیدا کرنا ہے۔
لاہور سائنس میلے کے روحِ رواں LUMS کے پروفیسر ڈاکٹر صبیح انوار وضاحت کرتے ہیں کہ آیا یہ میلہ واقعی 'میلہ' ہوگا:
"پنجاب کی لوک روایت میں میلوں کی بہت اہمیت ہے۔ یہ میلے تفریح طبع کا ذریعہ ہیں اور وہاں موسیقی اور ڈھول ہوتے ہیں۔ پورے کے پورے خاندان زندگی کی اُلفتوں اور کُلفتوں سے آزاد ہونے کے لیے وہاں جاتے ہیں۔ہم نے اسی پسِ منظر میں سوچا کیوں نا ہم سائنس کو میلوں کے ساتھ تعلق جوڑسکیں۔ اس لیے ہم نے "لاہور سائنس میلے" کو شروع کیا، جہاں عوام، بڑے بوڑھے، بچے، جوان، طلبہ و طالبات اور اساتذہ سب بے دھڑک اور خوشی خوشی آسکیں۔ وہ سائنسی مظاہر کا نہ صرف مشاہدہ کرسکیں بلکہ سائنسی کھیلوں کے ذریعے اپنی چھپی ہوئی سائنسی ذوق کی حِس کی بھی آبیاری کرسکیں۔ ہماری کوشش رہی ہے کہ اردو اور مقامی زبانوں میں سائنسی علوم کی سادہ اور دل نشیں انداز میں تشریح کرسکیں۔ آپ لاہور سائنس میلے میں ہماری اس کاوِش پر ضرور ٹھٹکیں گے۔"
لاہور سائنس میلے کی خاص بات یہ ہے کہ سائنس کو اپنی قومی زبان یعنی اردو میں فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ کوئی بھی قوم علم و دانش کے خزانے اپنی زبان میں زیادہ بہتر اور موثر انداز میں سمجھ سکتی ہے۔ اس لیے پاکستان میں جدید سائئسی علوم کو عوامی سطح پر متعارف کروانا ہے تو اسے اردو زبان میں عام فہم انداز سے پیش کرنا ہوگا۔ اس اعتبار سے لاہور سائنس میلہ ایک ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ثابت ہورہا ہے۔ سائنس سے محبت رکھنے والوں کے لیے یہ ایک بہت بڑا موقع ہے کہ اپنے بچوں کو بھی ساتھ لے جائیں۔۔۔اگر آپ اور آپ کے بچے سائنس سے محبت نہ کرنے لگیں تو ہمارا نام بدل دیجیے گا۔
لاہور سائنس میلہ 2022: اس میں کیا کچھ ہوگا؟
خوارزمی سائنس سوسائٹی 29 اور 30 اکتوبر 2022 کو چوتھے لاہور سائنس میلے کا انعقاد کرےگی۔ اس برس سائنس میلے میں طبیعیات، ماحولیات، جنگلی حیات، صنعت و حرفت ، علم الادویہ، فلکیات، علمِ معدنیات، طب اور خلائی سائنس سے متعلق ماڈلوں اور پراجیکٹوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خوارزمی سائنس سوسائٹی گزشتہ تین برس سے لاہور سائنس میلے کی میزبانی کررہی ہے۔ ہر گزرتے برس میں قومی اور عالمی سطح پر طلبہ، اساتذہ اور نمائش کنندگان میں دل چسپی اور تجسس کے ساتھ ساتھ اس میلے کی مقبولیت اور کارکردگی میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ لاہور سائنس میلے میں ساٹھ ہزار سے زائد افراد شرکت کرچکے ہیں۔ خوارزمی سائنس سوسائٹی ای جوش و جذبے کے ساتھ چوتھے 'لاہور سائنس میلہ 2022' کا انعقاد کرنے جارہی ہے۔ اس برس میلے کا نصب العین یا تھیم ہے؛ "کائنات اور زندگی"
اس میلے کی خاص بات لارج ہارڈن کولائیڈر (LHC) اور پلانٹیریم کا مظاہرہ ہے جو آپ کو نہ صرف دور ستاروں اور کہکشاؤں کی سیر کروائیں گے بلکہ زمین کے اندر چھپے رازوں سے بھی پردہ اٹھائیں گے۔ اپنی آنکھوں سے کائنات کا مشاہدہ کیجیے۔لاہور سائنس میلے میں دنیا بھر سے سائنس دان، پروفیسر اور سائنسی ادارے بھی شرکت کررہے ہیں جن میں سرن میڈیا لیب، بائیو روبوٹکس اٹلی اور امریکن یونیورسٹی شارجہ کے خلائی ماہرین خصوصی طور پر تشریف لارہے ہیں۔
اس میلے میں 90 سے زائد نمائشی سٹال لگائے جائیں گے جن مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ، سائنس کو فروغ دینے والے سرکاری اور غیر سرکاری اداے، نمائش کار اور سائنس کا کرتب کا دکھانے والے افراد اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ مزید ازاں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینرنگ اور فنون لطیفہ (آرٹس) کے موضوعات پر لیکچرز، مقابلہ جات اور ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔
چند اہم اور دل چسپ نمائش اور لیکچرز ملاحظہ کیجیے:
1۔ لیکچر:"انسانی ارتقا اور تاریخی اسباق" از ڈاکٹر احمد شبلی (منیجنگ ڈائریکٹر، یورپین ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ لمیٹڈ)
2۔ لیکچر: "کیا ہم اس کائنات میں اکیلے ہیں؟" از پروفیسر پال ڈیویز (پروفیسر ایری زونا اسٹیٹ یونیورسٹی)
3۔ لیکچر: "راگ کیا ہے؟، موسیقی کا سائنس سے کیا تعلق ہے؟" از سعد فاروق (فارانی انسٹی ٹیوٹ آف پرفارمنگ آرٹس)
4۔ لیکچر: "کائنات کے راز جانیے" از ڈاکٹر نضال قسوم (پروفیسر امریکن یونیورسٹی شارجہ)
اس کے علاوہ 'سائنس فوٹوگرافی مقابلہ 2022' ، ورچوئل یونیورسٹی کی موبائل بائئو لیب، پاکستان سائنس کلب کے سائنسی تجربات، قومی عجائب گھر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (سائنس میوزیم لاہور) کے کھیل کھیل میں سائنس سیکھانا، علامہ اقبال میڈیکل یونیورسٹی کے طلبہ کامیڈیکل کی حیرت انگیز دنیا کا مظاہرہ۔۔۔اور بہت کچھ !
لاہور سائنس میلہ 2022: کب اور کہاں منعقد ہورہا ہے؟
رواں برس لاہور سائنس میلہ لاہور کے مشہور تعلیمی ادارے ڈویژنل پبلک اسکول اینڈ انٹرمیڈیٹ کالج ماڈل ٹاؤن لاہور میں رونقیں سجائے گا۔ یہ میلہ 29 اور 30 اکتوبر 2022 کو صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔ ہم ہر ایک کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس عارضی سائنسی عجائب گھر (سائنس میوزیم) میں ضرور تشریف لائیں اور سائنس کے حیرت انگیز کمالات اور سائنسی دنیا کا نظارہ کریں۔
لاہور سائنس میلے میں کون کون جاسکتا ہے اور اس کی رجسٹریشن فیس کتنی ہے؟
بالکل مفت۔۔۔جی ہاں بالکل مفت۔۔۔! پاکستان اٹامک کمیشن سے لے سکول کے طلبہ تک ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو بغیر عمر، عہدے یا طبقے کی تقسیم کے خوش آمدید کہتی ہے۔ اس میلے میں داخلہ بالکل مفت ہے۔
لاہور سائنس میلے میں داخلہ بالکل مفت ہے اور ہر کسی کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ اس میلے میں آنے کے لیے کسی رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم لاہور سائنس میلے میں پاکستان بھر سے ہر فرد کو دعوت دیتے ہیں کہ اس میلے کی رونقیں دیکھنے کے لیے ضرور تشریف لائیں۔
اب کیا سوچ رہے ہیں۔۔۔میلے میں آنے کی تیاری کیجیے
اکیلے نہیں آنا۔۔۔اپنے بچوں، والدین، ماں بہن اور دوستوں کو ساتھ لانا مت بھولیے گا۔
لاہور سائنس میلے کی مختصر تاریخ:
خوارزمی سائنس سوسائٹی ایک فلاحی ادارہ ہے جو ملک میں سائنس کے نظریاتی علوم کے ساتھ ساتھ عملی سائنس کو بھی فروغ دےرہا ہے۔ اس سوسائٹی کا مقصد عوام اور خواص میں سائنس کا شعور اجاگر کر نا ہے۔ سائنسی ایجادات معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور خوارزمی سائنس سوسائٹی عملی سائنس کی تشہیر کے ذریعے معاشرے کو مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ سوسائٹی کے زیر ِانتظام منعقدہ لاہور سائنس میلوں کو نہ صرف ملکی میڈیا بلکہ بین الااقوامی میڈیا کی جانب سے بھی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔
خوارزمی سائنس سوسائٹی (KSS) کے بینر تلے پہلا لاہور سائنس میلا 2017 میں منعقد ہوا۔ یہ پہل کاری ایک بیج بونے جیسی تھی جس کا پھل اور چھاؤں کئی عشروں تک محیط ہوگا۔ اس عوامی میلے کا مقصد یہ ہے کہ لوگ سائنس کو سمجھنے کے لیے ایک جگہ پر اکٹھے ہوں اور جدید اور منفرد انداز میں سائنس کے پیچیدہ اور مشکل تصورات کو کھیل کھیل میں سمجھنے کی کوشش کریں۔ پھر اس کا پیغام بادِ نسیم کی طرح ملک بھر بالخصوص بچوں کو اپنے حصار میں جکڑ لے کیوں کہ 'سائنس سب کے لیے' ہے۔
یاد رکھیے گا۔۔۔۔
لاہور سائنس میلہ 2022
تاریخ ہے: 29,30 اکتوبر، 2022
بمقام : ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج (ڈی پی ایس)،ماڈل ٹاؤن لاہور
مزید معلومات کے لیے وزٹ کیجیے : http://ksslsm.org لاہور سائنس میلہ 2022: فیس بک پر اپ ڈیٹ رہنے کے لیے کلک کیجیے