سائنس فکشن موویز: دس فلمیں جو سائنس کے طلبا کے لیے خاص ہیں
گرمیوں کی چھٹیاں ہیں اور موسم برسات کا بھی آغاز ہوا چاہتا ہے ۔ اس بار مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے چھٹیوں کے دوران لوگوں کی سیر وتفریح کے لیے دور دراز پرفضا مقامات کی طرف نکلنے کو اگر ناممکن نہیں تو مشکل ضرور بنا دیا ہے ۔ ایسے میں اکثر نوجوانوں گھر بیٹھے بیٹھے بوریت کا شکار ہو رہے ہوں گے ۔ آج ہم آپ کے لیے دن ایسی ہالی وڈ کی فلموں کا انتخاب کر کے لائے ہیں جنہیں دیکھ کر آپ انجوائے کرنے کے ساتھ ساتھ بہت قیمتی معلومات اور کام کی باتیں بھی سیکھیں گے ۔
یہ فلمیں خاص طور پر ریاضی اور دیگر سائنسی علوم سے دلچسپی رکھنے والے یونیورسٹی کے طلباء کو ضرور دیکھنی چاہئیں ۔
1۔ دی امیٹیشن گیم (The Imitation Game):-
یہ فلم ایلن ٹیورنگ کی زندگی پر لکھی گئی کتاب " Alan Turing: The Enigma" سے ماخوذ ہے ۔ ایلن ٹیورنگ ایک مشہور ریاضی دان تھے اور وہ اس بات کی تحقیق کر رہے تھے کہ کیا مشین سوچ سکتی ہے ۔ 2014 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں ایلن ٹیورنگ کی تحقیق کو بڑے دلچسپ اور ڈرامائی انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔ اس فلم کو بعض متنازعہ چیزیں دکھانے کی وجہ سے شدید تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا لیکن اس کے باوجود فلم بینوں نے اسے خوب سراہا ۔ تحقیق کا ذوق رکھنے والوں کے لیے یہ فلم بہت دلچسپی لیے ہوئے ہے ۔
2۔ دی مین ہو نیو انفینٹی (The Man Who Knew Infinity) :-
یہ فلم 2015 میں ریلیز ہوئی ۔ اس فلم میں انڈیا سے تعلق رکھنے والے ریاضی دان سریواتو رامانوجن کی زندگی کو موضوع بنایا گیا ہے ۔ یہ فلم بھی " دی مین ہو نیو انفینٹی" نامی کتاب کی ڈرامائی تشکیل ہے جو رابرٹ کانیجل نے لکھی تھی ۔اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کم ترقی یافتہ ممالک سے تعلق رکھنے والے نوجوان ریاضی دانوں کو ترقی یافتہ ممالک میں تعلیم حاصل کرنے اور اپنی تحقیق کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں کن دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
3۔ اے بیوٹی فُل مائنڈ ( A Beautiful Mind):-
جان فوربس ناش ایک امریکی ریاضی دان تھے جنھوں نے گیم تھیوری ، ڈفرینشیل جیومیٹری اور پارشیل ڈفرینشیل ایکویشنز میں بہت کام کیا ۔ 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم "اے بیوٹی فُل مائنڈ" اسی عظیم ریاضی دان کی زندگی کے گرد گھومتی ہے ۔ اس فلم کا بیشتر تر حصہ ناش کے پرنسٹن یونیورسٹی کے دنوں کی کہانی پر مشتمل ہے ۔
4۔ ہڈن فگرز (Hidden Figures) :-
یہ فلم تین سیاہ فام افریقی نژاد امریکی خواتین کے بارے میں ہے جو بہت اعلیٰ درجے کی ریاضی دان ہیں ۔ یہ ریاضی کی ماہر خواتین ناسا کی سپیس کرافٹ کو اس کے آربٹ میں پہنچانے میں مدد فراہم کرتی ہیں ۔ یہ تین خواتین کیتھرین جانسن ( Katherine Johnson ) ، ڈوروتھی ویگن (Dorothy Vaughan) اور میری جیکسن ( Mary Jackson) تھیں ۔سیاہ فام ہونے کی وجہ سے اور صنف نازک سے تعلق ہونے کی وجہ سے ان خواتین کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ اس کی عکاسی اس فلم میں بہت خوبی سے کی گئی ہے ۔
5۔ کری ایشن ( Creation):-
2009ء میں ریلیز ہونے والی فلم مشہور چارلس ڈارون کی ذاتی زندگی اور اس کے مشہور زمانہ نظریہ ارتقاء کے بارے میں ہے ۔ اس فلم میں ڈارون کے اس کی شریکہ حیات ایما (Emma) اور سب سے چھوٹی بیٹی اینی (Annie) سے تعلق پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔ وہ ایک نیچرلسٹ تھا جو اپنی بیٹی کو سائنس اور نیچر کے بارے میں سکھاتا ہے ۔ ڈارون کی بیوی بنیادی طور پر مذہبی خیالات کی حامل تھی ۔ وہ ڈارون کے مذہب سے متصادم خیالات سے اختلاف رکھتی ہے ۔ ان دونوں کے درمیان ہونے والی بحث وتکرار فلم کو مزید دلچسپ بنا دیتی ہے ۔
6۔ دی تھیوری آف ایوری تھنگ (The Theory of Everything) :-
موجودہ صدی میں سائنس کی دنیا کا سب سے بڑا نام سٹیفن ہاکنگ (Stephen Hawking) کا ہے ۔ یہ فلم سٹفن ہاکنگ کی بیوی جین ہاکنگ کی لکھی ہوئی کتاب "Traveling to Infinity: My Life With Stephen" سے ماخوذ ہے جو سٹیفن ہاکنگ اور جین ہاکنگ کی ازدواجی زندگی اور داستان محبت پر مشتمل ہے ۔ سٹیفن ہاکنگ کیمبرج یونیورسٹی میں آسٹرو فزکس کا طالب علم تھا جبکہ جین ہاکنگ جو اس وقت جین وائلڈ تھی ادب کی طالب علم تھی ۔ دونوں ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہو جاتے ہیں ۔ اس فلم میں سٹیفن ہاکنگ کے موٹر نیورانز کی بیماری میں مبتلا ہونے اور اس سے نبردآزما ہونے کی کہانی بہت مہارت سے پیش کی گئی ہے ۔
7۔ دی کرنٹ وار (The Current War) :-
یہ فلم تھامس ایڈیسن اور جارج ویسٹنگ ہاؤس کے درمیان ٹیکنالوجی اور آئیڈیاز کی جنگ کی عکاسی کرتی ہے ۔ دونوں سائنس دان انڈسٹریل ایج عظیم ترین موجد تھے ۔ ان دونوں سائنس دانوں کے درمیان ٹھن گئی آنے والے دور کی الیکٹریسٹی پر اجارہ داری قائم کرتا ہے ۔ یہ فلم 2017 میں ریلیز ہوئی ۔
8۔ ریڈیوایکٹیو (Radioactive) :-
2019 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم میری کیوری جنھیں مادام کیوری کے نام سے بھی سائنس کی دنیا میں جانا جاتا ہے ، کی زندگی کے متعلق ہے ۔ میری کیوری نے ریڈیم اور پولونیم کی دریافت کی تھی جو ریڈیوایکٹیو ایلیمنٹس ہیں ۔ ان ریڈیوایکٹیو ایلیمنٹس کی دریافت نے فزکس اور کیمسٹری کی دنیا میں ایک انقلاب برپا کردیا تھا ۔ خاتون ہونے کی وجہ سے میری کیوری کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہ اس فلم میں بہت مؤثر انداز میں دکھایا گیا ہے ۔
9۔ آئنسٹائن اینڈ ایڈنگٹن (Einstein and Addington) :-
سر ایلبرٹ آئینسٹائن کا نام کسی بھی سائنس کے طالب علم کے لیے تعارف کا محتاج نہیں ۔ یہ 2008 میں ریلیز ہوئی جو سرایلبرٹ آئینسٹائن اور سر آرتھر سٹینلی ایڈنگٹن کے مل کر تحقیق کے مراحل طے کرنے اور دنیائے سائنس کی تاریخ کا دھارا موڑ دینے کے بارے میں ہے ۔ فزکس اور ریاضی کے طالب علموں کو یہ فلم ضرور دیکھنی چاہیے ۔
10۔ گوریلاز ان دی مسٹ ( Gorillas in the Mist) :-
یہ امیریکن ڈرامہ 1988 میں فلمایا گیا ۔یہ ڈائن فوسی (Dian Fossey) کے افریقی ملک روانڈا سفر کے بارے میں ہے ۔ جہاں وہ گوریلوں کی ناپید ہوتی ہوئی نسل پر تحقیق کے لیے جاتی ہے اور انہیں بچانے کے لیے جدو جہد کرتی ہے ۔ فوسی ایک اینتھروپالوجسٹ تھیں ۔
امید ہے یہ فلمیں دیکھنے کے دوران اگر آپ سائنسی علوم کا ذوق رکھتے ہیں تو ناصرف آپ کی طلب کو مہمیز ملے گی بلکہ آپ کا فلم بینی کے شوق بھی بھی تشفی ہو گی