آٹھ اکتوبر اور پاکستان کے کھیلوں کا احوال

آج کی تاریخ میں دو اہم ریکارڈ بنائے گئے تھے لیکن آج ہماری اسپورٹس کہاں ہے ۔

تاریخ کے آئینے سے دو ریکارڈ آپ کی نذر ہیں ۔

آٹھ اکتوبر 1997 کو اظہر محمود نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری مکمل کی تھی ۔ وہ ایسا کرنے والے پاکستان کے چھٹے بلے باز بنے تھے . اسی میچ میں بطور اوپنر کھیلنے والے علی نقوی نے بھی اپنی پہلی ہی ٹیسٹ اننگز میں سنچری سکور کر ڈالی تھی . یہ ٹیسٹ کرکٹ کا واحد موقع ہے جب دو نئے بلے بازوں نے اایک ہی اننگز میں سنچری سکور کر ڈالی ہو . اس میچ میں پاکستان کی طرف سے محمد رمضان نامی ٹاپ آرڈر بلے باز نے بھی اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا تاہم وہ ان چند بدقسمت کھلاڑیوں میں شامل ہوئے جنہیں صرف ایک میچ کے قابل سمجھا گیا ۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے رمضان دوبارہ کبھی پاکستان کی نمائندگی نہ کر سکے . علی نقوی کو 5 میچز ملے لیکن وہ دوبارہ کبھی 30 کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے . یوں ان کا کرئیر بھی ختم ہو گیا ۔ اظہر بھی ٹیسٹ میں بہت اچھے کھلاڑی ثابت نہیں  ہو سکے اور آخرکار 21 میچز کے بعد ان کا کرئیر انجام کو پہنچ گیا ۔

 یہ پاکستان اور ساوتھ افریقہ کے درمیان صرف دوسرا ٹیسٹ میچ تھا . اور ساوتھ افریقہ کا پاکستان کا پہلا ہی دورہ  تھا .

 

8 اکتوبر 2004ء کو پاکستان کے ہاکی کے نامور کھلاڑی سہیل عباس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والی 8 میچوں کی سیریز کےساتویں میچ میں ،جوامرتسر میں کھیلا گیا تھا، اپنے بین الاقوامی ہاکی کریئر کا 268 واں گول اسکور کرکے ہالینڈ کے معروف کھلاڑی پال لٹجن کا 267 گولز کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ پال لٹجن نے اپنے 267 گول 177 میچوں میں مکمل کئے تھے جبکہ سہیل عباس نے اپنا 268 واں گول 217 ویں میچ میں اسکور کیا۔ سہیل عباس نے اس کے بعد اپنے اس ریکارڈ کو ناقابل تسخیر بنایا اور 6 دسمبر 2009ء کو ارجنیٹنا میں منعقد ہونے والے چیمپئنز چیلنج ہاکی کپ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ، جو ان کا 318واں بین الاقوامی میچ تھا،کینیڈا کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر کا 300 واں گول اسکور کیا اور یوں وہ دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے جس نے بین الاقوامی ہاکی میں 300 گول کا  سنگ میل عبور کیا۔ سہیل عباس کے ان 300 گولوں میں ایک ڈبل ہیٹ ٹرک اور 21 ہیٹ ٹرکس شامل تھیں۔ سہیل عباس 9 جون 1977ء کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز 28 فروری 1998ء کو کیا تھا۔